لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تین ستمبر کو احتساب مارچ میں شامل ہونا پیپلز پارٹی کی سیاسی ضرورت بھی ہے اور اسے چاہیے کہ وہ کسی ہچکچاہٹ کے بغیر میدان میں قدم رکھے،پیپلز پارٹی پر واضح کردیا ہے کہ وہ جو بات کریں اس پر قائم رہیں کیونکہ اب پیپلز پارٹی کے کارکن بھی احتجاج کا راستہ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دعوت دینا ہمارا کام تھا اور اس مارچ میں شرکت کرنے کا فیصلہ اب پیپلز پارٹی کی قیادت نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے اوپر سولو فلائٹ کا الزام لگایا گیا، لہٰذااس مرتبہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم سب اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے۔وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر عدالتی اعتراضات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ ایک عدالتی فیصلہ تھا اور ہم اس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔جس طرح سے عدالت نے ہماری درخواست پر اعتراضات لگائے وہ توہین کے مترادف تھا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے حکومت ٹرمز آف ریفرنسز پر اپنی پوزیشن تبدیل کرنے کو تیار نہیں اس سے تو بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ وہ کوئی علیحدہ سے قانون بنائے گی جس سے پاناما لیکس جیسے بڑے معاملے کی شفاف انداز میں تحقیقات کروائی جاسکیں۔