کراچی(این این آئی)آج کل دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود کچھ ایسے ممالک بھی ہیں جو ایسے ماحول میں بھی پرسکون اور محفوظ ہیں اور ایسے ممالک کی فہرست میں آئس لینڈ پہلے جب کہ پاکستان 153 ویں نمبر پر ہے۔انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس نے 163 ممالک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد گلوبل پیس انڈیکس جاری کیا ہے جس میں محفوظ ترین ممالک میں آئس لینڈ پہلے، ڈنمارک دوسرے اور آسٹریا تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، پرتگال، جمہوریہ چیک، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، جاپان اور سلوونیا میں بھی لوگ خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔انڈیکس میں افریقہ کا کوئی بھی ملک پہلے 100 ممالک میں شامل نہیں جب کہ برطانیہ 47 اور امریکا 103 نمبر پر ہے۔ گلوبل پیس انڈیکس میں پاکستان کو 153 جب کہ بنگلا دیش کو 83 واں نمبر دیا گیا ہے، شام، سوڈان، صومالیہ اور افغانستان کو سروے کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا۔