شنگھائی( آئی این پی ) چین نے دنیا کا تیزترین سپر کمپیوٹر تیار کر لیا۔ خاص بات یہ ہے کہ چینی سپر کمپیوٹر میں کسی بھی ملک کی ٹیکنالوجی استعمال نہیں کی گئی اور اس میں نصب تمام آلات چین کے ہی تیارکردہ ہیں۔ٹاپ500 سروے آف سپر کمپیوٹرز کے مطابق یہ پہلے تیار شدہ تیز ترین کمپیوٹر سے رفتار میں دوگنا تیز ہے جو چین میں ہی تیار کیا گیا تھا، مگر اس میں امریکی فرم ’’انٹیل‘‘ کی تیار کردہ چپس استعمال کی گئی تھی۔سروے کے مطابق چین پہلی مرتبہ 167 ٹاپ رینک سپر کمپیوٹرز کے ساتھ امریکا سے آگے نکل گیا ہے جبکہ امریکا کے ٹاپ رینک سپر کمپیوٹرز کی تعداد 165 ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین کے نیشنل سپرکمپیوٹر سنٹر میں موجود ” دی سن وے تیہولائٹ” کو موسمیات اور لائف سائنس ریسرچ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔سروے کے مطابق دی سن وے تیہولائٹ کی ایجاد نے ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے کہ چین کو سپر کمپیوٹنگ کے میدان میں مغرب پر انحصار کرنا ہوگا۔