اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے طور خم بارڈر کراسنگ پر افغان فورسز کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیاہے۔ پیر کو دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق طور خم بارڈر پر افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر بلا اشتعال فائرنگ سے دو فوجی اور نو سویلین زخمی ہوگئے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔افغان ناظم الامور کو بتایاگیا کہ فائرنگ کاواقعہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی روح کے منافی ہے ۔افغان ناظم الامور پر زور دیا گیا کہ افغان حکومت واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کرے اور اس کے نتائج کا پاکستانی حکام کے ساتھ تبادلہ کیا جائے ۔افغان ناظم الامور سے کہاگیا کہ اس طرح کے واقعات کو مستقبل میں دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں ۔بیان کے مطابق فائرنگ کا مقصد پاکستانی حدود کے اندر تعمیر کئے جانے والے ایک گیٹ کی تعمیر میں خلل ڈالنا تھا یہ گیٹ لوگوں اور گاڑیوں کی سرحد پار آمدورفت میں سہولت کی فراہمی کیلئے تعمیر کیا جارہا ہے افغان ناظم الامور کو بتایاگیا کہ طور خم پرنقل و حرکت کو ریگو لیٹ کر نا حکومتی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ بارڈر مینجمنٹ کو مستحکم کیا جاسکے اس لئے افغان حکومت کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہے اس سے باہمی سکیورٹی میں اضافہ ہوگا اور دہشتگردی کے خطرے میں مقابلہ کر نے میں مدد ملے گی ۔