لاہور (این این آئی )پنجاب کا وفاقی حکومت کو خط،ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں معاملے کو مشترکہ مفادات کو نسل کے اجلاس میں اٹھانے کی دھمکی دیدی گئی،پنجاب نے پن بجلی کی مد میں 102ارب روپے کے بقایاجات کی فوری ادائیگی کے لئے وفاقی حکومت کو خط ارسال کر دیا ،ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں معاملے کو مشترکہ مفادات کو نسل کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا ۔نجی ٹی وی نے دستاویزات کے حوالے سے بتایاہے کہ پنجاب میں 8ہائیڈرو پاور پراجیکٹس سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل ہو رہی ہے تاہم پنجاب کو 2006ء سے اس مد میں ادائیگی نہیں کی گئی ۔بتایا گیاہے کہ سال2008ء میں وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے پنجاب کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اسے اس مد میں بقایا جا ت کی ادائیگی کر دی جائے گی لیکن اسکے بعد بھی ا س معاملے پرتین اجلاس ہو چکے ہیں جس میں پنجاب حکومت کے ذمہ داران نے وفاقی حکومت کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا ہے ۔پنجاب نے اب اس معاملے میں دوبارہ وفاق کو خط ارسال کر کے پن بجلی کی مد میں 102ارب روپے کے بقایات کی ادائیگی کا تقاضہ کیا ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں اسے مشترکہ مفادات کو نسل میں لے جایا جائے گا۔