شیخوپورہ(این این آئی)تحریک انصاف کے ووٹرنئی پریشانی کا شکار،ان پڑھ افراد کیلئے بہت بڑی مشکل کھڑی ہوگئی، الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے انتخابی نشان ’’بلے باز‘‘ الاٹ کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔نئی پارٹی کو انتخابی نشان بلے باز کی الاٹمنٹ کے بعد تحریک انصاف کے ووٹر بڑی مشکل میں پڑ گئے ہیں خاص کر ان پڑھ افراد کے غلط ووٹ کاسٹ کئے جانے کاامکان بڑھ گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی پالیسیوں کا چوروں کو ساتھ ملا کر چوروں کو پکڑنے جیسے اقدامات کے باعث اپنی اہمیت کھو چکی ہے، کراچی الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہونا ،کے پی کے کے ضمنی انتخابات میں چوتھے نمبر پر آنا پنجاب سندھ اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں چوتھے نمبر پر آنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اْنہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نظریاتی صاف شفاف لوگوں کو ساتھ لیکر آگے بڑھے گی۔