کراچی(این این آئی)کراچی میں حلیمہ قتل کیس کے ملزم رضوان ایازکوسخت سیکورٹی میں مقامی عدالت میں پیش کیاگیا،پیشی کے موقع پر ملزم کی طبیعت بگڑ گئی جس پر عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے حلیمہ قتل کیس کے مبینہ ملزم رضوان ایازکو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت شروع ہوئی تو تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رضوان ایازنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس کے بیان کی روشنی میں گرفتار ملزم کی بیوی سونیا پر جرم ثابت نہیں ہوتا، ملزم کا دفعہ 164 کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے رضوان کا اعترافی بیان قلمبند کرانے کے لئے مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم رضوان کو عدالتی تحویل میں لے لیا ۔کمرہ عدالت میں ملزم رضوان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان دمہ کا مریض ہے اسے دوا فراہم کی جائے اور حالت بہترہوگی تب ہی وہ بیان دینے کے قابل ہوگا۔ دوران سماعت ملزم رضوان نے اچانک رونا شروع کردیا اور کہتا رہا کہ میری بھی 5 سال کی بیٹی ہے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ روئیں مت اور کسی کے دباؤ میں نہ آئیں، اب آپ کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں اس لئے آپ صرف حقائق بتائیں تاہم ملزم رضوان کی طبیعت بگڑنے پر عدالت نے پہلے اسے طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔