اسلام آباد (این این آئی)چین اور پاکستان کے درمیان پولیس کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ٗ معاہدے کے تحت چین پاکستان کو 425پولیس گاڑیاں، 80ایمبولینسیں اور دیگر آلات فراہم کرے گا۔ جمعرات کو یہاں معاہدے کی دستاویزات پر چینی سفیر سن وی ڈونگ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے دستخط کئے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے میڈیا کو بتایا کہ چین کے صدر نے گزشتہ سال اپنے دورہ پاکستان میں یہ سامان تحفے کے طور پر دینے کا اعلان کیا تھاٗ چین کی جانب سے 425پولیس وین، 80ایمبولینسیں اور دیگر آلات پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ سامان چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور اسلام آباد کو فراہم کیا جائے گا جس سے پولیس کی استعداد کار اور صحت کی سہولیات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ نے اس تحفہ پر چین کے صدر، حکومت، عوام اور چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ وزیر خزانہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور چین کی معاونت کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے چینی سفیر کے فعال کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر چین کے سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاہدے کے تحت یہ معاونت فراہم کی جا رہی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال پاک چین سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کا سال ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ سال معاہدوں کے نفاذ کا سال بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ چین ترقی کے لئے پاکستان کی ہر شعبہ میں معاونت کرے گا، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان مزید مضبوط اور خوشحال ہو۔ اس موقع پر چینی سفیر نے تقریب کے شرکاء کو رمضان المبارک کی مبارکباد بھی دی۔ تقریب میں چینی سفیر نے پاکستان کو مفت فراہم کی جانے والی گاڑیوں کی علامتی چابی وزیرخزانہ کو پیش کی۔