اسلام آباد (این این آئی)پاناما لیکس،حسین نواز نے بڑی پیشکش کردی،ہمارا خاندان کسی بھی فورم کا سامنا کر نے کیلئے تیار ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام پاناما پیپرز کے مسئلہ سے بخوبی واقف ہیں ٗ ان کی اس میں کوئی دلچسپی نہیں تاہم ہمارا خاندان کسی بھی فورم کا سامنا کر نے کیلئے تیار ہے ٗ وزیر اعظم کی واپسی کا فیصلہ ڈاکٹر ز ہی کرینگے ٗ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کر رہی ہے جو ہسپتال سے گھر منتقل ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں حسین نواز نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں اور ڈاکٹر ہی فیصلہ کریں گے کہ پاکستان واپسی سے قبل وزیراعظم کو کب تک آرام کی ضرورت ہے تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔ حسین نواز نے پاناما پیپرز کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان لیکس میں کوئی قانونی پوائنٹ نہیں ہے جو کسی عدالت میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف پیش کیا جا سکے۔ پاناما لیکس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان اس حوالے سے کسی بھی فورم کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کرپشن کا کوئی ایک بھی الزام نہیں ہے۔