اسلام آباد (این این آئی) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات محمد فاروق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے ٗان علاقوں میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، نصیر آباد ڈویژن شامل ہیں ٗبدھ اورجمعرات کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگاتاہم ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ٗ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سکھر، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ پنجاب کے میدانی علاقے، وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا، بالائی سندھ،سبی اور مکران ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہاتاہم ہزارہ، ڈی جی خان ڈویڑن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقوں گڑھی دوپٹہ، راولاکوٹ04، پنجاب کے علاقوں ڈی جی خان02، خیبر پختونخوا کے علاقوں ہزارہ 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔