لاہور (ا ین این آئی) لاہور ایئرپورٹ کے اطراف سے پرندوں کو دور رکھنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، قطر ایئر لائن کی دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز سے لینڈنگ سے پہلے پرندہ ٹکرا گیا ،پائلٹ نے مہارت کے ساتھ طیارے کو باحفاظت لینڈ کروا لیا تاہم انجن کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ قطر ایئر لائن کی دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز 628کی لینڈنگ سے پہلے پرندوں کا غول سامنے آگیا جس کے نتیجے میں طیارے کے انجن نمبر دو سے پرندہ ٹکرا گیا ۔پائلٹ نے مہارت کے ساتھ طیارے کو لینڈ کروا لیا اور انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ بھی کر دیا۔ہنگامی لینڈنگ سے مسافروں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچامگر طیارے کے انجن کو معمولی نقصان کی اطلاعات ہیں جس کی انسپیکشن جاری ہے۔ طیارے نے دوحہ کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم واقعے کے بعد پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔پرندہ ٹکرانے کے واقعے کے بعد سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کو مار بھگانے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کی قلعی کھل گئی جبکہ دیگر آنے جانے والی پروازوں کے پائلٹوں نے بھی واقعے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔