پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دنیا کے سو ممتاز تعلیمی اداروں میں باصلاحیت طلباء کو اعلی تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے دس پی ایچ ڈی سکالرشپس دینے کیلئے 160ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے باصلاحیت اور مستحق طلباء کیلئے قومی اور بین الاقوامی معیاری اداروں میں تحقیق کی سہولت مہیا کرنے کیلئے 500ملین روپے سے چیف منسٹر انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔ انڈومنٹ فنڈز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بنائے گسئے سب کمیٹی نے ہونہار طلباء کو دنیا کے مختلف نمایاں تعلیمی اداروں میں دس سکالرشپ کی سفارش کی تھی۔ اس سلسلے میں ایک سمری کو وزیراعلیٰ نے منظور کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو 10سکالرشپ کی سہولت مہیا کرنے کیلئے 160ملین روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔