کراچی(آن لائن)کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کے گھر کا ایک گھنٹے تک محاصرہ کئے رکھا تاہم ایک گھنٹے کے بعد رینجرز اہلکار واپس چلے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پاکستان رینجرز سندھ کے متعدد افسران و اہلکاروں نے اچانک منگل کی شب متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینئر رکن قومی اسمبلی فاروق ستار کی رہائش گاہ کا اچانک محاصرہ کرلیا ۔محاصرے کے دوران فاروق ستار کے گھر آنے جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرکے آمدورفت معطل کردی گئی جبکہ میڈیا کے افراد کو بھی اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔محاصرے کے دوران فاروق ستار گھر پر ہی موجود تھے تاہم رینجرز اہلکار فاروق ستار کے گھر میں داخل نہیں ہوئے اور ایک گھنٹے سے زائد محاصرہ کرنے کے بعد خود ہی واپس چلے گئے ۔فاروق ستار نے میڈیا کو بتایا کہ اس سلسلے میں رینجرز یا کسی آفیشل نے ان کو آگاہ نہیں کیا تھا اگر رینجرز کو شک تھا کہ میرے گھر میں کچھ مشکوک افراد موجود ہیں تو رینجرز ان کو آگاہ کرتی تو وہ خود ہی ایسے افراد کو رینجرز کے حوالے کردیتے ۔رینجرز کے جانے کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد فاروق ستار کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئی اور انہوں نے نعرے بازی کی ۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے محاصرہ کچھ مشکوک افراد کی موجودگی کی بناء پر کیا تھا جبکہ رینجرز نے فاروق ستار کی رہائش گاہ کے اطراف سے 2افراد کو حراست میں بھی لیا جبکہ اس سلسلے میں رینجرز یا کسی آفیشل نے باقاعدہ طور پر کچھ نہیں بتایا ۔