اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ عمران کی منفی سیاست سے مسلم لیگ نون مزید مضبوط ہو رہی ہے۔کوہاٹ میں کپتان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ جلسوں میں خالی کرسیاں عمران خان کا سیاسی مستقبل واضح کر رہی ہیں، تین سال سے سڑکوں پر رونے والا عمران سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کی بجائے گالی گلوچ والی پرانی کیسٹ لگا لیتے ہیں، کہتے ہیں عمران کی منفی سیاست سے نون لیگ کو تقویت مل رہی ہے۔بعد ازاں علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے خانقاہوں کو بھائی چارے، محبت اور امن کا گہوارہ قراردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خانقاہوں سے عوام کا ایک دوسرے سے محبت کا درس ملتا ہے، نفرت کا نہیں، جبکہ تین سال سے سڑکوں پر خاک چھاننے کے بعد عمران خان پھر احتجاج کی دھمکیاں دے رہے ہیں،مگر عوام عمران خان جیسے لوگوں کو سمجھ چکے ہیں۔ حکومت عمران خان کے الزامات کے بجائے عوام کے پیار اور اعتماد کو اہمیت دے رہے ہیں۔