لاہور(آئی این پی) مشیر خارجہ سر تاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت نے مذاکرات کیلئے کوئی کھڑکی کھولی اور نہ ہی پاکستان کو مذاکرات کیلئے کوئی بے چینی ہے ‘پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی تحر یک کو مکمل سپورٹ کر تا ہے اور طاقت کی بنیاد پر انکی آواز کو خاموش نہیں کروایا جاسکتا ۔ اتوار کے روز اپنے ایک انٹرویو میں مشیر خارجہ سر تاج عزیز نے کہا ہے کہ ہمیں کسی بھی صورت بھارت کے دباؤ میں آنے کی کوئی ضرورت نہیں اور ہمیں بھارت کیساتھ مذاکرات کی بے چینی بھی نہیں لیکن خطے میں امن اور دونوں ممالک کے قر یب آنے کیلئے مذاکرات کا عمل شروع ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی مذاکرات کیلئے کوئی کھڑکی کھولی ہی نہیں ہم نے ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کر نے کی بات کی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی تحر یک کو مکمل سپورٹ کر تا ہے اور کشمیر ی بھی وہاں پاکستان کے پر چم لہرارہے ہیں اور پاکستان جنرل اسمبلی سمیت ہر فورم پرکشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے آواز بلند کر یگا ۔