لاہور(آئی این پی)اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید کی بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی ،عمران خان نے میاں محمود الرشید کو پارلیمان کے اندر اور باہر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد کرپشن اور لوٹ مار کرکے منی لانڈرنگ اور بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کے خلاف فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوگا ۔میاں محمود الرشید نے چیئرمین کو آئندہ پنجاب کے مالی سال2016-2017ء سے متعلق تجاویز سے آگاہ کیا۔عمران خان نے میاں محمودالرشید کی ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ملاقات کے دوران قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمودالرشید نے عمران خان کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جس پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حقیقی معنوں اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کی آواز حکومتی ایوانوں میں پہنچاتے ہوئے ان کے مسائل کے حل میں کوشاں ہے۔ بنی گالہ میں ہونے والی اس ملاقات میں آئندہ ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی امور، عبوری سیٹ اپ ، پانامہ لیکس اور موجود سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میاں محمود الرشید کو پارلیمان کے اندر اور باہر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد کرپشن اور لوٹ مار کرکے منی لانڈرنگ اور بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کے خلاف فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوگا ۔