ملتان (آئی این پی) جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی کو حج اسکینڈل میں 16سال قید کی سزا دیئے جا نے کے فیصلے کے خلاف جماعت اہلسنت کے زیراہتمام سنی تنظیمات کے رہنماؤں و کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس موقع پر مظاہرین نے سید حامد سعید کاظمی کو رہا نہ کرنے پر ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اہلسنت کے رہنماؤں علامہ سید رمضان شاہ فیضی، علامہ عزیز الرحمن خان قادری ، علامہ منسوب الہی سعیدی ، علامہ مطیع الرسول سعیدی ، محمد کاظم سعیدی ،محمد بلال سعیدی نے کی جبکہ احتجاجی مظاہرے میں سنی تحریک ، تحریک بقائے اسلام، تحریک اہلسنت ، جمیعت علماء پاکستان ، نظام مصطفی ؐ پارٹی ، سنی ایکشن کمیٹی ، تنظیم السعید ، انجمن تاجران ، انجمن طلبہ اسلام کے رہنماؤں و کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جب سید حامد سعید کا ظمی پر بدعنوانی کا الزام ہی ثابت نہیں ہوا تو پھر انہیں کس طرح 16 سال قید کی سزا سنائی گئی اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں اور سید حامد سعید کاظمی کو سزا دینے والے جج کو معطل کیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سید حامد سعید کا ظمی کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو وہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو ایسے فیصلے نہیں سنانے چاہیءں جس سے عوام میں اضطراب پایا جا ئے اور سید حامد سعید کا ظمی کو سزا دلوانے میں موجودہ حکومت کی بدنیتی شامل ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔