اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت اسلام آباد میں 18 ارب روپے کی لاگت سے کینسر ہسپتال تعمیر کرے گی ، آئندہ بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کر دیئے گئے ۔ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کورآڈی نیشن ڈویژن کیلئے مجموعی طور پر 24 ارب 95 کروڑ 11 لاکھ 73 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ جس میں سے 30 ارب 28 کروڑ 22 لاکھ 83 ہزار روپے جاری منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں جبکہ تین نئے منصوبوں کیلئے 36 کروڑ 88 لاکھ 90 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ وفاقی حکومت اسلام آباد میں 18 ارب روپے کی لاگت سے کینسر ہسپتال تعمیر کریگی جس کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ کامن یونٹ ٹو مینج گلوبل فنڈ کیلئے 5 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے اس منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 15 کروڑ ہو گی ۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں ویکسین سپلائی اینڈ فلنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے ایک کروڑ 88 لاکھ 90 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں اس منصوبے کی لاگت کا مجموعی تخمینہ پانچ کروڑ 69 لاکھ 64 ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔