لاہور(این این آئی )لاہور ائیرپورٹ پر شاہین ایئر لائنز کی لاہو رسے دبئی جا نیوالی پر واز کے اڑان بھرنے سے پہلے چاروں ٹائر پھٹ گئے ، طیارہ معجزانہ طورپر خوفنا ک حادثے سے بچ گیا، ٹائر پھٹنے کی آواز سے جہاز کے اندر بیٹھے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم تمام مسافروں محفوظ رہے ، ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،ائیر لائنز انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ طیاروں کی کمی اور ان میں پیدا ہونے والی فنی خرابیوں کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر 2پروازیں منسوخ جبکہ 8سے زائد گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاہین ائیر لائنز کی لاہور سے دبئی جانیوالی پرواز A-320طیارہ خوفنا ک حادثے سے بال بال بچ گیا ،جب طیارے کو اڑان بھرنے کے لئے رن وے سے سٹارٹنگ پوائنٹ تک لیجایا گیا تو عین اسی وقت اس کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹ گئے ۔ ٹائر پھٹنے کی زور دار آواز کے باعث طیارے میں سوار خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم طیارہ معجزانہ طورپر کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا ۔ٹائر پھٹنے پر جہاز نے کافی ہچکولے بھی کھائے ۔سول ایوی ایشن انتظامیہ نے واقعے کے بعد ایئر پورٹ پر فوری ایمرجنسی نا فذ کر دی گئی جس پر فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور اے ایس ایف کے دستے بھی رن وے پر پہنچ گئے اور مسافروں کو جہاز سے نکال کر محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا۔ سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر لائنز کی جانب سے طیارے کی منا سب دیکھ بھال نہ رکھنے ،غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ٹائر پھٹے ہیں جس پر ائیر لائنز انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیں گے اور ان کوبھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔دوسری جانب طیاروں کی کمی اور ان میں پیدا ہونے والی فنی خرابیوں کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر 2پروازیں منسوخ جبکہ 8 سے زائد گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاہور ایئرپورٹ پر قائم فلائیٹ انکوائری کے مطابق طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 735 اور ایئربلیو کی شارجہ سے آنے والی پرواز 413کو منسوخ کر دیا گیا۔متعدد فنی خرابیوں اور آپریشنل وجوہات کی وجہ سے ایمریٹس کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز 623تئیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ترکش ایئر لائنز کی لاہور سے استنبول جانے والی پرواز 715چالیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کی لاہور سے ریاض جانے والی پرواز 725تیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کی مانچسٹر سے آنے والی پرواز 710ایک گھنٹہ 10منٹ کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔کویت ایئرویز کی کویت سےآنے والی پرواز پچاس منٹ کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔ کویت ایئرویز کی لاہور سے کویت جانے والی پرواز 204ترپن منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ شاہین ایئر کی جدہ سے آنے والی پرواز 718بیالیس منٹ کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔ جبکہ ایئربلیو کی جدہ سے آنے والی پرواز 471ڈیڑھ گھنٹہ کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔