اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ ایک ہی دن ملک بھر میں روزہ اور عید سے متعلق کافی پیش رفت ہوئی اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر اس فیصلے کے لئے تیار ہیں جو قرآن و سنت کے مطابق ہو۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہاکہ گزشتہ روز پشاور میں مسجد قاسم خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے اچھی ملاقات رہی ٗ ملاقات میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان موجود تھے جس میں ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید منانے پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی شہاب الدین ہراس فیصلے کیلئے تیار ہیں جو قرآن و سنت کے مطابق ہو اوران کا کہنا تھا کہ ہماری چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کو بھی سنا جائے جس پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان سے بات ہوئی ہے۔