اہور (آئن لائن)وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف کا پابند بنانے کے لئے لاہورہائیکورٹ کے روبرو درخواست دائر کر دی گئی۔ مقامی شہری عاطف سردار نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پانامہ لیکس کو جواز بنا کر عمران خان وزیر اعظم نواز شریف کی مسلسل کردار کشی کر رہے ہیں۔وزیر اعظم اپنے قوم سے خطاب کے دوران معاملے کی تحقیقات کیلئےپارلیمانی کمیشن بنانے کا وعدہ بھی کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود عمران خان اپنے حلف کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔عمران خان کی تقاریر نفرت پر مبنی ہیں، اور وہ اپنی تقریروں کے ذریعے نفرت پھیلا رہے ہیں۔ سیاسی جماعت کا سربراہ ہونے کے باوجود عمران خان پاکستانی شہریوں کو نفرت کا سبق دے رہے ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کو رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے اپنے حلف کا پابند بنانے کے حکم دیا جائے۔