افغان حکام کا احتجاجاََ پشاور میں قونصل خانہ بند، وجہ بھی سامنے آ گئی
![](https://javedch.com/wp-content/uploads/2016/06/12.jpg)
پشاور(آن لائن) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں افغان حکام نے قونصلیٹ کی گاڑی کو روکے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے اپنا قونصل خانہ بند کردیا۔دوسری جانب قونصلیٹ کے عہدیداران نے قونصلیٹ کی بندش کی تصدیق کردی۔پشاور کے علاقے کینٹ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر افغان قونصل جنرل کی گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی تھی، جس پر احتجاج کرتے ہوئے افغان حکام نے پشاور میں موجود اپنا قونصل خانہ بند کردیا۔ادھر سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان قونصلیٹ کی مذکورہ گاڑی سفارت خانے کے حکام اور سفارتی عملے کے پروٹوکول کیلئے نہیں تھی۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ ان کے علم میں لایا گیا ہے جس پر انھوں نے متعلقہ افغان حکام سے رابطہ کیا تھا تاہم ان کا سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔خیال رہے کہ افغان قونصلیٹ کی بندش کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد عبور کرنے کیلئے یکم جون کو طورخم گیٹ کھولنے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات گذشتہ کچھ سالوں سے کشیدہ چلے آرہے ہیں اور دونوں ممالک اپنے شورش زدہ علاقوں میں دہشت گردی کا ذمہ دار ایک، دوسرے کے سرحدی علاقوں میں موجود غیر ریاستی عناصر کو قرار دیتے آئے ہیں۔تاہم عالمی طاقتوں کی مداخلت کے بعد گذشتہ کچھ ماہ سے پاک افغان تعلقات میں بتدریج بہتری دیکھنے میںآئی ہے جس کی ایک مثال طورخم سرحد کو دوبارہ کھولے جانے اور دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے حالیہ مشترکہ آپریشنز بھی ہیں، جن میں دونوں ممالک کے اہم خفیہ اداروں نے معاونت کی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں