مری(نیوزڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مری کے علاقے میں تشدد کے بعد 19سالہ لڑکی کو آگ لگانے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف بلاامتیازسخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ لڑکی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف مہیا کیا جائے۔واضح رہے کہ مری میں رشتے کے تنازع پر لڑکی کو زندہ جلانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ،مذکورہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا ہے ،بتایاجارہاہے کہ مری کے علاقے میں رشتے کے تنازع پر5افراد نے 19سالہ لڑکی کو زندہ جلا کر کھائی میں پھینک دیاتھا ،متاثرہ لڑکی کے بارے میں بتایاجارہاہے کہ وہ سکول ٹیچر تھی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا ہے جبکہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔