لاہور ( این این آئی) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر اپنی بازیابی کے بعد پہلی بار اپنے والد سلمان تاثیر کی قبر پرپہنچ گئے ،شہباز کے ہمراہ ان کی والدہ آمنہ سلمان بھی تھیں،شہباز تاثیر نے دیگر اہل خانہ کے ہمراہ اپنے والدکی قبر پر فاتحہ خوانی اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ۔تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر جو کہ اپنی ہی سکیورٹی پر مامور اہلکار کی فائرنگ میں جاں بحق ہو گئے تھے کے صاحبزادے شہباز تاثیر نے اپنے والد کے قبر پر حاضری دی ۔شہباز تاثیر طالبان کی قید سے بازیاب ہونے کے بعد پہلی بار اپنے والد کی قبر پر گئے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔اس موقع پر شہباز تاثیر کی والدہ آمنہ سلمان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔خیال رہے کہ شہباز تاثیر کئی سال تک طالبان کی قید میں رہنے کے بعد گزشتہ دنوں بازیاب ہوئے ہیں۔