اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بیماری کو سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا ،کچھ لوگ وزیر اعظم کی ذاتی زندگی میں مداخلت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کی جا رہی ہیں ۔ وزیر اعظم کی بیماری میں اس طرح کا رویہ قابل مذمت ہے، وزیر اعظم کے تمام ٹیسٹ ہو چکے ہیں ، آج منگل کو آپریشن ہو گا ، وزیر اعظم کے علاج کے لئے دنیا کے بہترین معالج موجود ہوں گے ، وزیر اعظم نواز شریف کے علاج میں رتی بھر بھی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ وہ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لئے کروڑوں لوگ دعائیں کررہے ہیں ۔ دنیا بھر میں بسنے والے دعا گو پاکستانی بھائیوں کا شکریہ اداکرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم قومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ۔ وزیر اعظم نے بیماری کو سرکاری فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا ۔ وزیر اعظم نے آپریشن سے چند گھنٹے قبل کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کے تمام ٹیسٹ ہو چکے ہیں آج منگل کو ہسپتال منتقل ہونگے ۔ ان کا آپریشن 8 بجے شروع ہو گا ۔ سیکیورٹی کے باعث ہسپتال کا نام نہیں بتا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے علاج کے لئے دنیا کے بہترین معالج موجود ہونگے ۔ وزیر اعظم کے علاج میں رتی بھر بھی کوتاہی نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی واپسی کا فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے ہو گا۔ کچھ لوگ وزیر اعظم کی ذاتی زندگی میں مداخلت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کی جا رہی ہیں ۔ وزیر اعظم کی بیماری میں اس طرح کا رویہ قابل مذمت ہے ۔ ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے بارے میں قوم کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔۔۔۔