فاسٹ بولر محمد عامر کرکٹ سے دوری ختم ہونے کے بعد ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے کیلیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا کام کارکردگی دکھانا جس کیلیے سخت محنت کروں گا، قومی ٹیم کا حصہ بنانا بورڈ کا کام ہے وہ جو بہترسمجھے گا وہی کرے گا۔ شاہ فیصل گرائونڈ میں کلب میچ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کلب کرکٹ میں بولنگ اور بیٹنگ دونوں مشکل ہیں، اگر یہاں پرفارمنس دے دی تو انٹرنیشنل میچز کھیلنا بہت آسان ہوجائیں گے، میں زیرو سے شروع کر رہا ہوں، دوبارہ عروج پر آنے کیلیے بہت زیادہ محنت کرنا ہوگی۔
واضح رہے2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر محمد عامر پر 5سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ انھیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔تاہم گزشتہ دنوں آئی سی سی نے ان کی پابندی میں نرمی کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ۔ محمد عامر نے ورلڈ کپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ اس بار بھی ہمیشہ کی طرح سنسنی خیز ثابت ہوگا، باؤنسی وکٹوں پر دونوں ٹیموں کی فتح کے چانس مساوی ہیں، میچ کے دن جو بھی ٹیم دبائو برداشت کرگئی وہی فاتح ہوگی، دعاگوہوں کہ گرین شرٹس اس بار سرخرو رہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اب میری تمام توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر ہے اگر بورڈ نے انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کا موقع دیا تووہ ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ اوربیٹنگ پربھی خاص توجہ دے رہا ہوں، مکمل کرکٹر کے روپ میں دوبارہ عالمی میدانوں میں قدم رکھنا چاہتا ہوں۔