لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ این اے 122میں 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں ہونے والے ٹیکنیکل فراڈ اور30ہزار سے زائد ووٹوں کا ردوبدل الیکشن کمیشن پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ،تحریک انصاف نے قوانین و ضوابط کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کر رکھا ہے اور پی ٹی آئی کی رٹ پٹیشن پر آنے والا فیصلہ الیکشن کمیشن کی آزادی اور خود مختاری کا آئینہ دار ہو گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر راست اقدام اٹھایا ہے اب یہ کمیشن کا فرض ہے کہ وہ کسی قسم کے حکومتی دباو¿ میں آئے بغیر کاروائی کو بلا تاخیر منتقی انجام کی طرف لے کر جائے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بظاہرالیکشن کمیشن نے ایاز صادق گفتگو کا نوٹس لیا ہے لیکن اب تک کوئی عملی کاروائی سامنے نہیں آئی ،انہوں نے کہا کہ بوگس سپیکر ایاز صادق این اے122کے بارے میں قومی اسمبلی کے اندر اور باہر اسی جھنجھلاہٹ اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں ان کی پریشانی دیدنی ہے کیونکہ انہیں اس اندرونی کہانی کا بخوبی علم ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر ایا زصادق جمہوریت پر ایک فیصد بھی یقین رکھتے ہیں تو وہ 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن کے لکھے گئے سکرپٹ کے کرداروں کو منظر عام پر لائیں بصورت دیگر انہیں دوبارہ گھر کی راہ لینی ہو گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی قانونی اور عوامی جدوجہد کرتے رہے گی اور عمران خان کے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کےلئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گی ۔