کراچی(نیوزڈیسک) آئی سی سی صدر نے جلد پاک بھارت سیریز کی پیشگوئی کر دی، ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ برف پگھلنے لگی ہے،وینیو کوئی بھی ہو ہمیں میچز ہوتے ضرور دکھائی دیں گے، انھوں نے نائٹ ٹیسٹ کا بھی خیرمقدم کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ اسٹار ظہیرعباس نے کہا کہ پاک بھارت سیریز منسوخ ہونے پر مجھ سمیت دونوں ممالک کے عوام اور پوری دنیا کو افسوس ہوا، میں نے بہت پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ دیا تھا کہ معاملہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ سب کی نظریں پاک بھارت کرکٹ پر جمی رہتی ہیں اس سے مقابلے کا رجحان بڑھتا اور ساتھ دل بھی قریب آتے ہیں، مجھے امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز جلد ہوگی، چاہے وہ کسی بھی نیوٹرل مقام پر ہو، البتہ اگر میچز پاکستان میں ہوں تو زیادہ بہتر ہے، ایک سوال پر ظہیرعباس نے کہا کہ پی ایس ایل کا آغاز خوش آئند ہے، بدقسمتی سے ہمارے گراؤنڈ ویران کردیے گئے،لیگ کے انعقاد سے ملکی کرکٹ کو فروغ ملے گا۔مستقبل میں جب ایونٹ کا پاکستان میں انعقاد ہوا تو انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے میں مدد ملے گی اور نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا، پنک بال سے نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ظہیر عباس نے کہا کہ یہ تجربہ پاکستان کے لیے بھی سود مند رہے گا، اس سے کھیل کوبھی فائدہ پہنچے گا۔کچھ نہ کچھ تجربات کرتے رہنا چاہیے،یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو آئندہ سال نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی پیشکش کر دی ہے، ایک سوال پر ظہیر عباس نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ پاکستان کیلیے کرکٹ کھیلوں گا، بعد ازاں یہ گمان میں بھی نہ تھا کہ آ ئی سی سی کا صدر بن جاؤنگا،اس اعزاز پر بیحد مسرور ہوں۔