اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز سفری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد اتوار کی شام لاہور پہنچ گئے۔اس سے قبل آج صبح جونز کو سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے پر اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈین جونز کے پاس پاکستان آنے کیلئے ویزا تھا اور نہ ہی کوئی قانونی دستاویز.ایف آئی اے نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا تھا ‘پاسپورٹ نمبر ای3030665 رکھنے والے آسٹریلین شہری ڈین مروین جونز نامی مسافر آج بغیر پاکستانی ویزا کے فلائٹ نمبر ای کے 614 سے پاکستان پہنچے۔ تاہم، مسافر کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں اسی وقت واپس روانہ کردیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ جونز ایک مشہور شخصیت ہیں اور انہیں پی سی بی نے دعوت بھیجا تھا لیکن ان کے پاس ویزا شرائط میں نرمی کا کوئی اجازت نامہ موجود نہ تھا، لہٰذا ‘ہمارے پاس انہیں ڈی پورٹ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا’۔دوسری جانب، ڈین جونز نے ٹوئٹر میں اپنے پیغام میں واضح کیا کہ انہیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا اور وہ آج رات لاہور پہنچ جائیں گے۔