اسلام آباد(آئی این پی) سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو نامکمل دستاویزات کے باعث پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لوگو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دبئی سے پاکستان پہنچے تو بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انھیں نامکمل دستاویزات پر سفر کرنے کے باعث ڈی پورٹ کردیا۔امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ڈین جونز بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جس کے باعث انھیں ڈی پورٹ کیا گیا۔واضح رہے کہ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں اور 21 اور 22 دسمبر کو کھلاڑیوں کی بولی لگنے کے حوالے سے بھی اپنی ٹیم انتظامیہ کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے لئے پاکستان آئے تھے۔