کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیم کی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے ’گروپ آف ڈیتھ‘ میں موجودگی نے کپتان شاہد آفریدی کا جوش بڑھا دیا، وہ کہتے ہیں کہ مشکل ڈرا ہمیں ٹائٹل تک پہنچنے کیلیے متحرک رکھے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر 10 راؤنڈ میں میزبان بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ایک کوالیفائر ٹیم کے ساتھ موجود ہے، 8 مارچ سے 3 اپریل تک شیڈول میگا ایونٹ میں ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 19 تاریخ کو ہوگا، اسے گرین شرٹس ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے ورلڈ کپس میں ابھی تک زیر نہیں کرپائے ہیں۔ 2007 میں کھیلے گئے پہلے ورلڈ ٹی 20 میں تو گرین شرٹس کو بھارت کے ہاتھوں گروپ اسٹیج اور پھر فائنل میں مات ہوئی تھی۔شاہد آفریدی نے کہاکہ ہمارا گروپ کافی مشکل مگر میں سمجھتا ہوں کہ یہ چیلنج ہماری ٹیم کو ٹائٹل جیتنے کیلیے متحرک رکھے گا۔ بھارت سے میگا ایونٹس میں کبھی نہ جیت پانے کے سوال پر آفریدی نے کہاکہ میں ماضی میں زندہ نہیں رہنا چاہتا، عام طور پر بھارت سے مقابلوں میں ہم جو غلطیاں کرتے ہیں ان پر قابو پانا ہوگا۔انگلینڈ کے ہاتھوں یو اے ای میں ٹوئنٹی20 سیریز میں 3-0 کی حالیہ شکست کے بارے میں انھوں نے کہاکہ ہم نے اس سیریز میں اسکول کے بچوں جیسی غلطیاں کیں لیکن اس کے باوجود تینوں میچز میں بھرپور فائٹ بھی کی اور معمولی مارجن سے زیر ہوئے، ان غلطیوں سے بچنے کیلیے اب زیادہ بہتر انداز میں پرفارم کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل پاکستان کو نیوزی لینڈ میں اس طرز کے تین میچز کھیلنے ہیں،ایشیا کپ بھی اسی فارمیٹ میں کھیلاجائے گا، اس بارے میں آفریدی نے کہاکہ ہمیں شوپیس ایونٹ سے قبل کافی میچز کھیلنے کو ملیں گے، ان میں ہی اپنے کمبی نیشن کو حتمی شکل دینا ہوگی، مجھے امید ہے کہ ان میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں شریک ہونگے۔