کولمبو(نیوزڈیسک)اہم کھلاڑی کوورلڈ کپ ٹی ٹونٹی سے باہر رکھنے کی سازش،سری لنکاآئی سی سی کے سامنے ڈٹ گیا، سری لنکا کے وزیر کھیل نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کئے جانے والے وکٹ کیپر کشال پریرا کا دفاع کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا ہے۔ وزیر کھیل جیاسیکرا نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ حکام کشال پریرا کے ٹیسٹ کیلئے ایک دوسرا نمونہ بھیجیں گے اور ان کے دفاع کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ یہ پریرا کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی سے باہر رکھنے کی سازش ہے۔ جیاسیکرا نے کہا کہ سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا نے پریرا سے ذاتی طور پر بات کی جنہیں دورہ نیوزی لینڈ کے دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے معطل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پر موجود سری لنکن ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کشال پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا جس پر انہیں دورے کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔ آئندہ سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے اور پریرا کی معطلی ان کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔