اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ایک بار پھر محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے انہوںنے بورڈ اور سلیکٹرز کو اپنی رائے دیدی ہے اگر وہ چاہئیں تو محمد عامر کو ٹیم میں لے سکتے ہیں ۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ محمد عامر نے اپنی سزا پوری کرلی ہے اور اسے قومی ٹیم میں دوبارہ موقع ملنا چاہیے یہ اس کا حق ہے تاہم انہوںنے کہاکہ محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا مقام بنانے میں کچھ وقت لگے گا اس سے فوری کامیابی کی توقع نہیں کی جانی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہاکہ محمد عامر واپس اپنی فارم میں آگیا تو وہ ملک کےلئے اہم خدمات فراہم کر سکتا ہے ۔محمد حفیظ کے محمد عامر کے بارے میں ریمارکس کے بارے میں سوال پر وقار یونس نے کہاکہ محمد حفیظ نے وہ نہیں کہا جو میڈیا میں شائع ہوا ۔انہوںنے کہاکہ پی سی بی کو ایک اجلاس بلا کر کھلاڑیوں کو بتانا چاہیے کہ عامر نے اپنی سزا پوری کر لی ہے اس لئے وہ ٹیم میں واپس آ سکتا ہے ۔آئندہ سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں وقار یونس نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی اپنا ذہن تبدیل کریں اور کار کر دگی میں تسلسل پیدا کریں جس طرح اے بی ڈویلئرز ¾ ویرات کوہلی اور ہاشم آملہ کی کار کر دگی میں تسلسل ہے۔