چٹا گانگ(آن لائن)بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑانے والے سری لنکن کھلاڑی تلکارتنے پھنس گئے، ان پر کرکٹ حلقوں کی تنقید جاری جبکہ منتظمین نے بھی 30ہزار ٹکا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں چٹاگانگ میں کومیلا وکٹورینز کے امرالقیس کور کی جانب شاٹ کھیل کر سنگل کیلیے دوڑ پڑے، ساتھی بیٹسمین احمد شہزاد کے انکار پر وہ واپس مڑے مگر اچانک دلشان سامنے آ گئے اور آگے ٹانگ رکھ کر انھیں گرا دیا،اسی اثنا میں احمد شہزاد بھی اس اینڈ پر پہنچ گئے۔تھرو پر دوسرے اینڈ پر موجود فیلڈر نے بیلز اڑا دیں، معاملے پر امرالقیس اور احمد شہزاد نے احتجاج کیا، ایسے میں چٹاگانگ وکنگز کے کپتان تمیم اقبال نے انھیں صبر کی تلقین کی، ٹی وی امپائر نے ری پلیز دیکھنے کے بعد جان لیا کہ دلشان نے جان بوجھ کر یہ حرکت کی تھی، انھوں نے ناٹ آؤٹ کا اشارہ دینے کے ساتھ 5پنالٹی رنز کی سزا بھی دی، تجربہ کار دلشان کی اس حرکت پر کرکٹ حلقے خاصی تنقید کر رہے ہیں۔میچ ریفری نعیم الراشد نے کہا کہ ان پر 20ہزار ٹکے تک کا کم جرمانہ بھی ہو سکتا تھا لیکن ہم نے اس لیے زیادہ سخت ایکشن لیا تاکہ ہر کوئی کھیل کی اصل اسپرٹ کو سمجھے۔ تمیم اقبال نے کہا کہ اگر مجھے واقعے کی ویڈیو دکھائی جاتی تو آؤٹ قرار پانے پر بھی بیٹسمین کو واپس بلا لیتا، میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ کوئی کھلاڑی جان بوجھ کر ایسی غلطی کرے گا البتہ شاید کھیل کی سخت صورتحال میں ایسا ہوگیا۔وکٹورینز کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ امپائر کے فیصلے سے حقیقت عیاں ہو گئی، میں یہ نہیں کہتا کہ دلشان نے دانستہ طور پر ایسا کیا ، البتہ لوگ انٹرنیشنل کرکٹرز سے ایسی حرکات کی کم ہی توقع رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس میچ میں وکٹورینز نے 5 وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں