لاہور( نیوزڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ کے بھانجے راجہ شعیب کے قتل کو ن لیگ کی کھلم کھلا دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ ن لیگی امیدوار نے خود راجہ شعیب کو ٹارگٹ کر کے گولیاں چلائیں لیکن پولیس نے ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ راجہ شعیب ہاکی کے کھلاڑی تھے اور اس حلقہ سے ان کے کزن ن لیگ کے خلاف امیدوار تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام پابندیاں مخالف امیدواروں کیلئے ہیں جبکہ ن لیگ والوں نے پولیس کی سرپرستی میں آتشیں اسلحہ کا کھلم کھلا استعمال کیا بلا روک ٹوک غنڈہ گردی کر کے دہشت پھیلاتے رہے، مخالف امیدواروں اور ان کے حامیوں کو سرعام تشدد اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا، ان تمام کارروائیوں میں پنجاب پولیس شہریوں کو تحفظ دینے کی بجائے ن لیگیوں کی سرپرستی کرتی رہی اور انہیں مکمل سپورٹ دی گئی۔