پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف نے کہا ہے کہ کینٹ ایریامیں چار مقامات پر پیدل چلنے والوں کےلئے پل اور پریس کلب سے قیوم سٹیڈیم تک فلائی اوور روڈ تعمیر کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے سٹیشن کمانڈر کینٹ بورڈ سے ملاقات کے دوران بتائی۔اس موقع پر ایڈوائزر کینٹ بورڈمیجر ارشد،علاقہ کونسلر شیر افضل اور کونسلرغلام حسین بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ایگزیکٹو افسر کینٹ بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس دوران منعقدہ اجلاس میں کینٹ ایریامیں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیاگیا اور اسکے ساتھ ساتھ سکول،کالجز،ہسپتال،روڈ،سوئی گیس اور سیوریج جیسے اہم شعبوں سے متعلق علاقے کے عوام کودرپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سٹیشن کمانڈر نے ان مسائل کے حل اور پشاور کو خوبصورت شہر بنانے کےلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ عارف یوسف نے صوبائی حکومت کی طرف سے کینٹ بورڈکے علاقے میں خصوصی فنڈزکو استعمال کرنے کا یقین دلایا جن کی مدد سے کینٹ ایریا میں چار مقامات پر پیدل چلنے والوں کے لئے پل اورپریس کلب سے قیوم سٹیڈیم تک فلائی اوورروڈ تعمیر کیا جائے گا۔