پشاور(نیوزڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی بد ترین حالات اور مسلسل دہشتگرد حملوں کے باوجود اپنے دور اقتدار میں نہ صرف یہ کہ میدان میں ڈٹی رہی بلکہ اس نے صوبے کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام بھی کیے ۔ جس حکومت کو آج پرویز خٹک تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اس حکومت کا وہ کئی برسوں تک خود بھی حصہ رہے۔پارٹیاں بدلنا اور وفاداریاں تبدیل کرنا پرویز خٹک کا وطیرہ رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب وہ حالات بدلنے پر عمران خان کا بھی ساتھ چھوڑ دیں گے۔ ڈاگ اسماعیل خیل میں سابق صوبائی وزیر اقبال حسین خٹک کی اے این پی میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے پر ایک ایسا شخص بطور وزیر اعلیٰ مسلط ہے جنہوں نے ماضی میں پارٹیاں تبدیل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ اعزاز بھی صرف ان کو حاصل ہے کہ اُنہوں نے وزارت اعلیٰ کے حصول کیلئے دوسروں کے علاوہ اپنی پارٹی کے ممبران بھی خریدے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے حالات میں صوبے پر حکومت کی جب ہم دہشتگردوں کے بدترین حملوں کی زد میں تھے۔ ہمارے سینکڑوں ساتھی شہید کیے گئے اور ہمیں پانچ دن حکومت چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ اگر ایسے حالات کا خدانخواستہ موجودہ حکمرانوں کو سامنا کرنا پڑا تو یہ لوگ بھاگنے میں ایک دن کی دیر بھی نہیں لگائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے اور خطے کو اب بھی شدید خطرات کا سامنا ہے اگر خطے میں داعش کے ممکنہ خطرے اور اثرو رسوخ کا راستہ روکنے کیلئے عالمی اور علاقائی سطح پر اقدامات نہیں کیے گئے تو علاقہ ایک ایسی جنگ کی لپیٹ میں آجائیگا کہ لوگ القاعدہ کا دور اور ان کے مظالم بھول جائیں گے۔ایسی صورت میں اے این پی ماضی کی طرح اپنے کردار اور قربانیوں کے تناظر میں پھر سے میدان میں ڈٹی رہے گی اور عوام کے حقوق ، امن اور ترقی کی جنگ لڑتی رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پرویز خٹک انتقام کی سیاست پر اُتر آئے ہیں صوبے کی ترقی تو دور کی بات اُنہوں نے جلوزئی نوشہرہ میں قائم ہونے والے اجمل خٹک پولی ٹیکنیک کالج اور بعض دیگر منصوبے منسوخ کر کے دوسرے علاقوں میں منتقل کیے جس کے خلاف ہم عدالت میں بھی گئے ہیں۔ ایسے شخص سے صوبے کی خدمت اور ترقی کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے جس کی ذہنیت اور سیاست انتقام اور علاقائیت پر مبنی ہو۔