لاہور (نیوزڈیسک ) لاہورہائیکورٹ کے روبروملکہ برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کےلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائردرخواست میں ملکہ برطانیہ، برطانوی ہائی کمیشن ،وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ انگریزوں نے راجہ رنجیت سنگھ کے پوتے مہاراجہ دلیپ سنگھ سے کوہ نور ہیرا چھین کر برطانیہ بھجوایا۔ موجودہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 1953ءمیں ہونے والی تاج پوشی میں ملکہ کو پہنائے جانے والے تاج میں کوہ نور ہیرا جڑا تھا۔ ایک سو پانچ قیراط اور دس ہزار ارب مالیت کا کوہ نور ہیرااس وقت کے دارلحکومت لاہور سے چھین کر برطانیہ منتقل کیا گیا جس پر ملکہ کا کوئی قانونی حق نہیں۔سلطنت لاہور سے چھینا گیاکوہ نور ہیرا پنجاب کا ثقافتی سرمایہ اور پنجاب کے عوام کی ملکیت ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو دولت مشترکہ کی سربراہ ہونے کی حیثیت سے ملکہ برطانیہ کاعہد حکومت ختم ہونے پر کوہ نور ہیرا لاہور منتقل کرنے کی درخواست کرنے کے احکامات صادر کرے۔