لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی مقامی عدالت نے نایاب ریچھ کو وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا جبکہ اس کے گرفتار مالک کی ضمانت منظور کر لی۔لاہور کی کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ الماس غنی کی عدالت میں حراست میں لیے گئے ریچھ اور اس کے مالک شہباز کو پیش کیا گیا۔دوران سماعت محکمہ وائلڈ لائف کے عہدیداروں نے موقف اختیار کیا کہ ریچھ کے مالک نے بغیر لائسنس جانور اپنے پاس رکھا ہوا تھا جو وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزم شہباز کو ریچھ غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے گرفتار کیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ سے محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ نایاب جانور کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے اسے محکمہ جنگلی حیات کے سپرد کیا جائے۔جس پر عدالت نے ریچھ کو وائلڈ لائف کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریچھ کے گرفتار مالک شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیا۔محکمہ وائلڈ لائف نے ریچھ اور اسکے مالک کو سگیاں پل ناکہ سے گرفتار کیا تھا۔