کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں منگل کو ملٹری پولیس پر حملہ میں دو نوجوانوں کی شہادت کے سلسلہ میں کراچی پولیس نے اہم پیش رفت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس ساﺅتھ زون ڈاکٹر جمیل کا کہنا ہے کہ وہ ملزمان کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔ملٹری پولیس کی گاڑی پر ہوئی فائرنگ کے معاملہ میں پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرلئے ہیں ۔ ڈاکٹر جمیل کے مطابق تحقیقات کے دوران القاعدہ ، طالبان سمیت مقامی تنظیموں کے عسکری ونگز کے ملوث ہونے کے امکانات کا بھی جائزہ لیاجا رہاہے ۔ واقعہ کے بعد سے اب تک رینجرز اور پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ یاد رہے کہ منگل کو کراچی کے مصروف ترین کاروباری مرکز صدر کے قریب واقع تاج کمپلیکس نامی علاقے میں ملٹری پولیس کے دواہلکار وں کو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کر کے شہید کردیاگیا ہے ۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ملٹری پولیس پر حملہ کرنیوالوں کی تصویر بھی جاری کردی گئی تھی ۔ سول اور عسکری قیادت نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ ملوث افراد کو جلد کٹہرے میں لایاجائے ۔