نواب شاہ(آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد لانگ بوٹ اور فوج نہیں بلکہ چیئر مین آرہے ہیں۔وہ ایم این اے مخدوم امین فہیم کی وفات پر تعزیت کے سلسلے میں ہالا جارہے تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری سید مشاہد حسین اور حلیم عادل شیخ بھی تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کوگورننس بہتر بنانے کے حوالے سے بیان کو سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں تھی فوج کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی جانب سے بھی حکومت کو گورننس بہتر بنانے کے کہا گیا تھا اگر حکومت کو مشورہ دیا گیا تو کوئی جرم تو نہیں ہوگیا۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی یا شفاف ہوگئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا ہوگیا اور بلدیاتی انتخابات بھی ہوگئے اب آگے دیکھے کیا ہوتا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف اور بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات کے حوالے سوال کہ کیا دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھل رہی ہے، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ برف اس وقت فریج میں ہے۔اس موقع پر سید مشاہد حسین نے کہا کہ مخدوم امین فہیم ایک بلند پایہ سیاست دان تھے جن کی چاروں صوبوں میں عزت تھی حکومت میں ہوتے ہوئے بھی انہوں نے اپوزیشن سے کبھی مخالفانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔بعد ازاں چوہدری شجاعت حسین ہالا کے لئے روانہ ہوگئے۔