اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی طرف سے وفاقی دارالحکومت کے لئے میئر کے عہدہ کیلئے نامزدگی کے لئے مختلف ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ہے اورسابق وفاقی وزیر سید واجد حسین بخاری فیورٹ امیدوارکے طور پر سامنے آئے ہیں ۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق سید واجد حسین بخاری کو وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کی طرف سے مئیر کے عہدہ کیلئے نامز دکئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں غیر حتمی نتیجہ میں 18نشستیں حاصل کی ہیں ۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق آزادامیداواروں کے رہنما کھوکھر گروپ اور پی ٹی آئی میں میئر شپ کیلئے معاملات طے پارہے ہیں اور حکومتی پارٹی اور کھوکھر گروپ کے درمیان معاہدہ کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ ایک وفاقی وزیر کی مخالفت پر پی ٹی آئی اور کھوکھر میں وفاقی دارالحکومت میں مئیر شپ کیلئے معاملات طے ہونے کے بہت قریب ہیں ۔