لاہور(نیوزڈیسک) الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118مبینہ دھاندلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے تمام بے ضابطگیوں کو انسانی غلطی قرار دیدیا ، درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما حامد زمان کو 6لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا ، جرمانے کی رقم کیس جیتنے والے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار ملک ریاض کو دی جائے گی ۔ گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس (ر) رشید قمر نے حلقہ این اے 118کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں میں تمام بے ضابطگیوں کو انسانی خطا قرار دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ درخواست گزار پی ٹی آئی کے حامد زمان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار ملک ریاض کے خلاف دھاندلی کے شواہد پیش کرنے مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔درخواست گزار کی جانب سے 27ہزار 107ووٹ بوگس بتائے گئے جو ثابت نہیں ہوئے ۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ 4ہزار 43ووٹوں پر شناختی کارڈ نمبرز کی نادرا تصدیق نہیں کر سکا ، ایسے شناختی کارڈ ہیں جن کے ایک یا دو ہندسے غلط ہیں ، شناختی کارڈ نمبر لکھتے ہوئے پولنگ سٹاف سے غلطیاں ہوئیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک ریاض این اے 118سے 60ہزار کی لیڈ سے کامیاب ہوئے تھے اور اگر مبینہ بوگس ووٹ نکال بھی دیئے جائیں تو 33ہزار کی لیڈر برقرار رہتی ہے۔ تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ حلقہ این اے 118کے الیکشن میں 251ووٹ ڈبل کاسٹ ہوئے ، ڈبل ووٹ کاسٹ کرنے والے اور معاونت کرنے والوں کےخلاف کارروائی ہو گی ۔درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کو 6لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا ، جرمانہ کی رقم کیس جیتنے والے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار ملک ریاض کو دی جائے گی ۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حامد زمان نے ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حامد زمان نے فیصلہ چیلنج کرنے کےلئے اپنے وکلاءکو کیس تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے اور آئندہ چند روز میں فیصلہ چیلنج کر دیا جائیگا ۔