اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب آزاد امیدواروں کی چاندی ہوگئی ہے اور مسلم لیگ (ن)کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کامیاب آزاد چیئر مینوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی اس حوالے سے آپس میں رابطے اور صلاح مشوروں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا جاسکے ۔کامیاب امیدواروں کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کامیاب چیئر مینوں نے اس تجویز پر غور شروع کر دیا ہے کہ کسی جماعت میں جانے کی بجائے اپنا الگ گروپ بنایا جائے اور پھر حکمران جماعت سے ڈیل کی جائے ۔اس ڈیل کے تحت کامیاب آزاد امیدواروں کا یہ گرو پ مسلم لیگ (ن)سے ڈپٹی میئر کی نشست کا مطالبہ کریگا اور اس کے بدلے میئر کےلئے حمایت کی جائیگی اس ضمن میں جب مسلم لیگ (ن)کے ایک رہنما سے رابطہ کیا گیا تو انہوںنے دعویٰ کیا کہ کامیاب آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد پہلے ہی مسلم لیگ (ن)سے منسلک رہی ہے اور انہیں دوبارہ (ن )لیگ کے ساتھ ملانے میں ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔