اسلا م آباد (نیوزڈیسک )ریحام خان نے کہا ہے کہ طلاق برا کام ہے، اللہ تعالیٰ کسی کو یہ دن نہ دکھائے۔ مجھے طلاق کے بعد سوشل میڈیا اور چینلز پر خطرناک جاسوسہ کا خطاب دیا گیا۔ سوشل میڈیا اور نیوز چینلز سے پتا چلا کہ میرے اندر کتنی برائیاں ہیں۔ ان باتوں کا بہت افسوس ہے۔انہوں نے کہاکہ جو کچھ ہوا وہ اللہ کی مرضی تھی۔ دعا کرنی چاہیے کہ جو کوئی بھی مشکل آئے اللہ اس کا سامنا کرنے کی ہمت دے۔ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے دیکھیں کہ جہاں نامناسب ماحول ہو وہاں گزارا کیا جائے۔ایک نجی ٹی وی چینل کوانٹرویودیتے ہوئے ریحام خان نے کہا ہے کہ میرے خاندان پر گھٹیا الزامات لگائے گئے جس پر افسوس ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چند اینکرز ، صحافی حضرات اور کچھ صحافی خواتین کو شاید ترجمہ نہیں آتا اور غلط ترجمے کر کے میرے الفاظ کو الٹے معنی پہناتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ لوگ مجھ سے کتنا پیار کرتے ہیں۔ ایک اینکر نے میرے ماضی کے بارے میں بات کی جس کا دکھ ہوا۔ میں تو دوسری شادی کیلئے رضامند نہ تھی لیکن خاندان نے دباﺅ ڈالا۔ ریحام خان نے کہا کہ پہلی طلاق کے بعد انہوں نے استخارہ کیا تھا۔ پہلی طلاق کے بعد اکیلے گزارے دس سال بہت عزت سے بسر کئے۔ میرے بچوں نے میرا بہت ساتھ دیا میں نے لندن کی سردی میں کئی کاروبار کئے گھروں میں ڈلوریاں دیں۔ کھانے بنا کر فروخت کیے۔