لندن (نیوز ڈیسک) ریحام خان نے مستقبل میں سیاست میں آنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خاندان میں سیاست کے جراثیم ہیں ، عمران سے علیحدگی کے بعد پاکستانی ٹی وی کو اپنے پہلے انٹر ویو میں ریحام خان نے کہا کہ کم عمری میں شادی کی وجہ سے تعلیم ادھوری رہ گئی لیکن میں راتوں کو چھپ کر پڑھتی تھی اور اپنی بیچلر کی ڈگری مکمل کی۔ پہلی طلاق کے بعد میرے پاس صرف تین سو روپے تھے ، بینک اکاونٹ نہ ہونے کی وجہ سے میرے پاس کریڈٹ کارڈ بھی نہیں تھا۔ اس دوران میرے اوپر بہت مشکل وقت تھا لیکن میں نے انگلینڈ کی سخت سردی میں بہت محنت کی۔روزگا ر کے حصول کے لئے آن لائن اور ٹیلیفون پر رابطے کرتی تھی۔ مجھے پہلی نوکری ایک ٹی وی چینل پر لیگل معاملات سے متعلق کو ہوسٹ کے طور پر ملی لیکن میرا کام دیکھنے کے بعد میزبان کی چھٹی کر کے مجھے رکھ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میری ڈگری کو جعلی کہا جاتا ہے لیکن مجھے براڈ کاسٹنگ کی ڈگری کی وجہ سے ہی نوکری ملی تھی۔آغاز پر مجھے معاوضہ بھی نہیں ملا لیکن میں نے ٹی وی انتظامیہ کو واضح کہا کہ میں شوق میں ٹی وی پر نہیں آرہی آپ دو ہفتے تک دیکھیں اگر آپ میرا کام پسند آئے تو معاوضہ دیں اور دو ہفتے بعد انہیں دوبارہ اس کی یاددہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بی بی سی میں نوکری ملی جو صبح چار بجے سے دوپہر بارہ بجے تک تھی اور اس میں مجھے بچوں کو دینے کے لئے وقت مل جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد بی بی سی میں مستقل ملازمت مل گئی۔۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خاندان میں سیاست کے جراثیم موجود ہیں۔ میری والدہ مسلم لیگ (ق) سے منسلک رہی ہیں۔ میرے تایا ضیائ الحق کے دور میں گورنر رہ چکے ہیں۔