کراچی (نیوزڈیسک)سابق وفاقی مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے اہم پیش رفت کی ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کی فیملی کے اکاونٹس سے 2 ارب روپ بیرون ملک منتقل کرنے کا سراغ لگا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے دست راست سابق وفاقی مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایف آئی اے نے ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کی فیملی کے اکاونٹس سے دو ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے کا سراغ لگا لیا۔ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے اہل خانہ نے2 ارب روپے کی رقم جعلی اکاونٹ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی۔ رقم دبئی، امریکا اور برطانیہ منتقل کی گئی۔ منتقل کی جانے والی رقم سے دبئی میں پراپرٹی خریدی گئی جبکہ دبئی میں ایک ہسپتال کو 50ہزار درہم کی ادائیگی بھی کی گئی۔ادھر ڈاکٹر عاصم حسین سے ہونے والی تین جے آئی ٹیز کی رپورٹ کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں ۔جے آئی ٹی ون کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے وزارت پیٹرولیم کے ماتحت ادارے پی ایس او، او جی ڈی سی ایل، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل اور پی پی ایل میں 50ارب کی کرپشن اور 430ایکڑ اراضی اپنے نام کرانے کا اعتراف کر لیا۔ڈاکٹر عاصم نے جے آئی ٹی ٹو میں ضیاالدین ٹرسٹ ہسپتال کو کمرشل بنیادوں پر چلانے، ہسپتال کے نام پر کھربوں کی زمین اپنے نام کرانے اور کھربوں کی خوردبرد کا اعتراف بھی کیا۔ ڈاکٹر عاصم نے جے آئی ٹی تھری میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں کرپشن اور نجی کالجز کو پی ایم ڈی سی کے لائسنس فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔