لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ لیگوں کے مضبوط اتحاد کےلئے کوششیں ابھی ختم نہیں ہوئیں، مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے بھی کاوشیں جاری ہیں تاہم بلدیاتی انتخابات کے مراحل مکمل ہونے پر معاملات میں دوبارہ تیزی نظر آئے گی۔ گزشتہ روز ” این این آئی “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد ملک و قوم کے لئے لیگوں کا مضبوط اتحاد ہے اور اس میں کامیابیاںمل رہی ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات آنے کی وجہ سے معاملات میں کچھ تعطل آیا تاہم دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ان میں دوبارہ تیزی نظر آئے گی ۔ انہوں نے (ق) لیگ کے تحفظات دور کرنے اور اسے اتحاد میں شامل کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان سارے معاملات میں بات چیت جاری تھی تاہم بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے عارضی تعطل آیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے اور ریاستی اداروں سمیت ہر شخص گورننس بارے سوال اٹھا رہا ہے ۔