لاہور( نیوزڈیسک)پی پی 147کے ضمنی انتخاب میں شکست سے دوچار ہونے والے حکومتی امیدوار محسن لطیف کی نتائج کو چیلنج کرنے کیلئے قیادت سے اجازت معمہ بن گئی ۔ اس حوالے سے محسن لطیف سے رابطہ کیا گیا تو بار بار رابطوں کے باوجود انہوںنے موبائل فون اٹینڈ کیا اور نہ ہی کسی موبائل پیغام کا جواب دیا ۔ پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس حوالے سے لا علمی کا اظہار کررہے ہیں۔اس سلسلہ میں (ن) لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ میں لندن گیا ہوا تھا اگر اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا ہو تو مجھے قطعاً کوئی علم نہیں ۔واضح رہے کہ محسن لطیف کا اقدام بظاہر این اے 122میں دھاندلی کو تسلیم کرنا ہی ثابت ہوتاہے اور اس اقدا م کی وجہ سے تحریک انصاف کو اپنا دھاندلی کاموقف ثابت کرنے میں مزید آسانیاں پیداہوںگی۔