اسلام آباد (آن لائن) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ جس بھارتی اداکارہ نے میرے ساتھ دوستی کا دعوی کیا ہے میں اس کو جانتا تک نہیں ۔ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی لیکن ان آفرز کو رد کر دیا ۔ سپانسر نے کرکٹ کو بہت سپورٹ کیا۔ ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسے تو کسی کا بھی کوئی بھی سکینڈل بنا دیا جاتاہے جس میں بعض اوقات سچائی بھی ہوتی ہے اور جھوٹ بھی لیکن میرے خیال میں سکینڈلز نہ بنوانا چاہیں تو نہیں بنتے ہیں ایک بھارتی اداکارہ عارشی خان کی دوستی کے دعویٰ پر انہوں نے کہا کہ جس اداکارہ نے میرے ساتھ دوستی کا دعوی کیا ہے میں اس کو جانتا تک نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے انڈیا اور پاکستان فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی لیکن یہ میرا شوق نہیں ہے اس لئے ایسی آفرز کو رد کر دیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کمرشلز میں کام کرنا کرکٹ کھیلنے سے بالکل ہٹ کر ہے اس لئے مجھے کیمرے کے سامنے آنا اور شوٹ کروانا اچھا لگتا ہے بہت ہی مختلف تجربہ ہے جس سے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میوزک سننا پسند ہے کشور کمار میرے پسندیدہ گلوکار ہیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا بہت بڑا کھیل ہے ایک وقت تھا یہ کھیل مسائل کا شکار ہو رہا تھا لیکن سپانسر نے کھیل کو بہت سپورٹ کیا ہے اور کرکٹ کی ترقی کے فروغ میں اس کا بہت اہم کردار ہے ۔